NationalPosted at: May 23 2025 8:52PM شہری حقوق کو یقینی بنانے کے لیے نئے فوجداری قوانین کا مکمل نفاذ ضروری: شاہ

نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کویہاں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے ساتھ ریاست میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ پر ایک جائزہ میٹنگ کی اور کہا کہ شہریوں کو بااختیار بنانے کے لیے زمینی سطح پر نئے فوجداری قوانین کا نفاذ ضروری ہے۔
اجلاس میں پولیس، جیل، عدالتوں، پراسیکیوشن اور فرانزک سے متعلق مختلف نئی دفعات کے نفاذ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مرکزی داخلہ سکریٹری، آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، ڈائریکٹر سمیت وزارت داخلہ اور آندھرا پردیش کے سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ تین نئے فوجداری قوانین، آئین ہند کی روح کو زمین پر اتارنے کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض نئے فوجداری قوانین بننے سے شہری حقوق مضبوط نہیں ہوں گے بلکہ شہریوں کو حقوق دینے کے لیے ان قوانین کا زمینی سطح پر مکمل نفاذ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے فوجداری قوانین کے مکمل نفاذ سے ہی شہریوں کو ان کے حقوق حاصل ہو سکتے ہیں جس کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آندھرا پردیش کو نئے فوجداری قوانین کے مکمل نفاذ کے لیے درست جائزہ لینا چاہیے تاکہ ریاست میں نئے قوانین کے جلد نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 60 اور 90 دن کے وقت کے اندر چارج شیٹ داخل کرنے اورالزام طے کرنے ایک وقت کی حد مقرر کرنے پر زوردینا ضروری ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کو مہینے، چیف سکریٹری کو 15 دن اور ریاست کے داخلہ سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو ہفتہ میں ایک بارریاست میں نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہئے۔
یواین آئی۔ الف الف