NationalPosted at: Jul 6 2025 6:55PM مودی اور نڈا نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی یوم پیدائش پر پیش کیا خراج عقیدت

نئی دہلی، 6 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھارتیہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے نظریات اور اصولوں کو ہندوستان کی تعمیر میں بیش قیمت قرار دیا ہے مسٹر مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’ ملک کے امر سپوت ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت۔ انہوں نے ملک کی شان اور وقار کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔ ان کے نظریات اور اصول ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تشکیل میں قیمتی ہیں۔‘‘
وہیں مسٹر نڈا نے لکھا’’میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی جی کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ایک عظیم مفکر جنہوں نے اپنے مضبوط قوم پرست خیالات اور عمل سے مادر وطن کا سر فخر سے بلند کیا، کروڑوں کارکنوں کے لیے تحریک کا سرچشمہ، دنیا کی سب سے بڑی سیاسی تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ستون، ڈاکٹر مکھرجی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جموں و کشمیر سے دو ودھان، دو نشان اور دو پردھان ختم کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے مسٹر مکھرجی اپنی زندگی کے آخری لمحات تک جد و جہد کرتے رہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹا کر ان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا ہے۔‘‘
انہوں نے لکھا ’’مادر ہند کے اتحاد، سالمیت اور عزت کے لیے دی گئی آپ کی لازوال قربانی صدیوں تک ہم وطنوں کو قومی خدمت اور لگن کے لیے ترغیب دیتی رہے گی۔‘‘
اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ڈاکٹر مکھرجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، بی جے پی نے لکھا ’’ اپنی جان قربان دینے والے قوم پرستی کے علمبردار، جن سنگھ کے بانی اور عظیم ماہر تعلیم اور ہمارے رہنما ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے یوم پیدائش پر کوٹی کوٹی نمن۔
یو این آئی۔ این یو۔