NationalPosted at: Aug 16 2026 3:05PM یومِ آزادی: سندھُو سماج دہلی نے ترنگا لہرا کر شہیدوں اور سندھ سے ہجرت کرکے آنے والے آباؤ اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) سندھُو سماج دہلی (رجسٹرڈ) کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر ترنگا لہرا کر حب الوطنی اور عقیدت کے ساتھ یومِ آزادی منایا گیا اس موقع پر موجود سماج کے لوگوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے امر شہیدوں کو پُرخلوص خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے عزم کیا سندھُو سماج دہلی کے جنرل سکریٹری مسٹر نریش بیلانی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے لیے محض جشن کا دن نہیں بلکہ ان بے شمار جانبازوں کو یاد کرنے کا موقع ہے، جنہوں نے انگریزی حکومت کی غلامی سے ہندوستان کو آزاد کرانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ آج ہم جس آزادی کی کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں، اس کے پیچھے ہمارے بہادر شہیدوں کی قربانی، جدوجہد اور ایثار ہے۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ سندھی سماج کی قربانی اور جدوجہد کی داستان بھی ملک کی تاریخ کا ایک لازمی حصہ ہے۔ تقسیم کے وقت سندھ کی اپنی جائے پیدائش، گھر، کاروبار، جائیداد، رشتے ناتے اور زندگی بھر کی کمائی چھوڑ کر ہزاروں، لاکھوں سندھی خاندان ہندوستان آئے۔ بہت سے خاندانوں نے اپنا سب کچھ کھو دیا، لیکن ملک پر اعتماد اور نئی زندگی شروع کرنے کا حوصلہ نہیں کھویا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ سندھ سے خالی ہاتھ ہندوستان آئے تھے، لیکن انہوں نے اپنی محنت، ایمانداری اور جدوجہد سے نہ صرف اپنے خاندانوں کو سنبھالا بلکہ ملک کی معیشت اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ہمیں ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ مسٹر بیلانی نے کہا کہ آج کی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادی کی قدر کو سمجھے اور ملک کی یکجہتی، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ سندھی سماج نے ہمیشہ ملک کی ترقی اور قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
پروگرام میں موجود سماج کے لوگوں نے ترنگے کو سلام پیش کرتے ہوئے امر شہیدوں، مجاہدینِ آزادی اور ان سندھی آباؤ اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے تقسیم کی المناک صورتحال کے باوجود ہندوستان کو اپنا گھر بنایا اور اپنی جدوجہد سے ایک نئی شناخت قائم کی۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے اور ملک کی یکجہتی و سالمیت کو مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔
یو این آئی۔ ظ ا۔ م الف