NationalPosted at: Jun 20 2024 6:31PM فنانشل اور کیپٹل مارکیٹ سیکٹر کے ماہرین کے ساتھ وزیر خزانہ کا پری بجٹ تبادلہ خیال

نئی دہلی، 19 جون (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج عام بجٹ 2024-25 کی تیاریوں کے پیش نظر مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹس کے شعبے کے سرکردہ ماہرین کے ساتھ پری بجٹ بات چیت کی ایکس پر یہ اطلاع دیتے ہوئے وزارت خزانہ نے کہا کہ اس میٹنگ میں ملک کے مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹ سیکٹر کے سرکردہ ماہرین نے اپنی تجاویز دیں اور اپنے خیالات کا اظہار کیا وزیر خزانہ نے اس اجلاس کی صدارت کی۔ یہ دوسری پری بجٹ میٹنگ تھی۔
میٹنگ میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، خزانہ سکریٹری، اقتصادی امور، محصولات، مالیاتی خدمات اور کارپوریٹ امور کے محکموں کے سکریٹریز، ڈی آئی پی اے ایم کے سکریٹری اور حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس بار عبوری بجٹ عام انتخابات کے پیش نظر فروری میں پیش کیا گیا تھا۔ عام انتخابات کے بعد محترمہ سیتا رمن کو دوبارہ وزارت خزانہ کا چارج مل گیا ہے اور انہوں نے اب مکمل بجٹ کی تیاری شروع کر دی ہے۔ نو منتخب 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس 24 جون سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ سیشن 3 جولائی تک جاری رہے گا جس میں ابتدائی طور پر لوک سبھا کے منتخب اراکین کو حلف دلایا جائے گا اور اس کے بعد لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں نومنتخب اراکین کی حلف برداری، اسپیکر کا انتخاب، صدر کا خطاب اور اس پر بحث ہوگی۔ راجیہ سبھا کا 264 واں اجلاس 27 جون سے شروع ہوگا اور 3 جولائی تک جاری رہے گا۔
توقع ہے کہ پارلیمنٹ کا یہ اجلاس دو مرحلوں میں اختتام پذیر ہو سکتا ہے۔ اس کا دوسرا موقع 22 جولائی سے 9 اگست تک ہو سکتا ہے اور اس دوران وزیر خزانہ بجٹ پیش کریں گی اور اس پر بحث ہو کر اسے منظور کیا جائے گا کیونکہ حکومت کے پاس ابھی 31 اگست تک اخراجات کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری باقی ہے۔ اس سے پہلے حکومت کے لیے بجٹ پاس کرنا قانونی طور پر ضروری ہوگا۔
یواین آئی۔ ظ ا