NationalPosted at: Jan 2 2026 8:32PM ایس آر سی سی کی صد سالہ تقریبات کی دھوم، مستقبل کی قیادت کا بڑا اعلان

نئی دہلی ، 2 جنوری (یو این آئی ) کامرس اور معاشیات کی تعلیم کے لیے ہندوستان کے معتبر ترین ادارے، شری رام کالج آف کامرس (ایس آر سی سی) نے جمعہ کو اپنے نارتھ کیمپس میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ اپنی صد سالہ تقریبات (1926-2026) کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس "کرٹین ریزر" تقریب میں تعلیمی ماہرین، پالیسی سازوں اور معروف سابق طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب کے مہمانِ خصوصی، دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بننا ایس آر سی سی جیسے اداروں کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے کہا:
"سو سال کسی بھی ملک کی نسلوں کی آبیاری اور قومی سفر پر اثر انداز ہونے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ SRCC نے یہ دونوں کام بخوبی انجام دیے ہیں۔"
انہوں نے کالج پر زور دیا کہ وہ اگلے مرحلے میں مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل فنانس اور انٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کرے تاکہ ایسے لیڈرز پیدا ہوں جو صرف ملازمتیں نہ کریں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
SRCC کی گورننگ باڈی کے چیئرمین اجے ایس شری رام نے کہا کہ 1920 میں 'دی کمرشل اسکول' سے شروع ہونے والا یہ سفر آج ایک عالمی برانڈ بن چکا ہے۔ انہوں نے آنجہانی ارون جیٹلی کی خدمات کو بھی یاد کیا اور مستقبل میں تحقیقی کاموں، انفراسٹرکچر کی توسیع اور پائیدار ترقی پر توجہ دینے کا عہد کیا۔اس موقع پر ایک تصویری کتاب (Coffee Table Book) 'Timeless Frames' کا بھی اجرا کیا گیا، جو کالج کے سو سالہ سفر کی یادوں پر مبنی ہے۔تقریب میں کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق وفاقی وزیر ارون جیٹلی کی بیوہ سنگیتا جیٹلی، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس اے کے سیکری، فیشن ڈیزائن کونسل آف انڈیا کے چیئرمین سنیل سیٹھی اور سابق وفاقی وزیر وجے گوئل شامل تھے۔سنگیتا جیٹلی نے کہا کہ یہ کالج ارون جیٹلی کی شخصیت سازی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا تھا۔
ثمنو جندل (ایم ڈی، جندل سا لمیٹڈ) نے ادارے کے جامع ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہیل چیئر پر ہونے کے باوجود کالج نے انہیں بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے۔کالج کی پرنسپل پروفیسر سمرت کور نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ SRCC ہمیشہ سے اخلاقیات اور سماجی ذمہ داری پر مبنی قیادت فراہم کرنے کے لیے پرعزم رہا ہے۔ تقریب کا اختتام کیمپس کی چراغاں، کتھک اور بھرت ناٹیم کی خوبصورت پیشکش اور موسیقی کے پروگرام پر ہوا۔
یو این آئی۔م ا ع