ممبئی، 15 اکتوبر (یو این آئی) مسلسل دو دن کی گراوٹ کے بعد بدھ کے روز گھریلو شیئر بازاروں میں تیزی لوٹ آئی اور بی ایس ای کے سینسیکس میں 575 پوائنٹس کا اضافہ ہوا آج بازار میں شروعات سے ہی خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں سینسیکس منگل کے مقابلے 575.45 پوائنٹس بڑھ کر 82,605.43 پوائنٹس (0.70 فیصد) پر بند ہوا مالیاتی کمپنیوں، سرکاری بینکوں، رئیل اسٹیٹ، تیل و گیس اور آئی ٹی سیکٹرز میں سرمایہ کاروں نے خاصا اعتماد ظاہر کیا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نِفٹی-50 انڈیکس بھی 178.05 پوائنٹس یعنی 0.71 فیصد کے اضافے کے ساتھ 25,323.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔ یہ دونوں اشاریے 19 ستمبر کے بعد کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گئے۔
درمیانہ اور چھوٹے درجے کی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں نے بدھ کے روز خاصا اعتماد ظاہر کیا۔ نِفٹی مڈکیپ-50 انڈیکس 1.08 فیصد اور اسمال کیپ-100 انڈیکس 0.82 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
این ایس ای میں آج کُل 3,189 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 1,979 حصص منافع (سبز نشان) میں، جبکہ 1,125 حصص نقصان (سرخ نشان) میں بند ہوئے۔ 85 کمپنیوں کے حصص پورے دن کے اتار چڑھاؤ کے بعد بغیر تبدیلی کے بند ہوئے۔
این ایس ای کے مختلف شعبہ جاتی انڈیکسز میں بھی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی۔ رئیل اسٹیٹ، تیل و گیس، سرکاری بینک، مالیاتی خدمات، ایف ایم سی جی، پائیدار صارفین کی مصنوعات اور آئی ٹی سیکٹر کے انڈیکسز میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر تمام شعبے بھی سبز نشان پر بند ہوئے۔
بی ایس ای سینسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے 23 کے حصص منافع پر بند ہوئے۔ بجاج فنانس کے بورڈ نے 1,890 کروڑ روپے کے ناقابلِ تبدیل ڈیبینچرز جاری کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد کمپنی کا شیئر 4.03 فیصد کے زبردست اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
بجاج فِن سرو میں 3.10 فیصد، ایشین پینٹس میں 2.48 فیصد، ایل اینڈ ٹی میں 2.23 فیصد اور ٹرینٹ میں 2.19 فیصد کی تیزی دیکھی گئی۔
دیگر نمایاں تیزی والے حصص میں الٹرا ٹیک سیمنٹ 1.96 فیصد، ایٹرنل 1.93 فیصد، اڈانی پورٹس 1.78 فیصد، ٹاٹا اسٹیل 1.61 فیصد اور بی ای ایل 1.49 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
پاور گرڈ کا شیئر 1.43 فیصد، بھارتی ایئرٹیل 1.30 فیصد، مہیندرا اینڈ مہیندرا 1.09 فیصد، اسٹیٹ بینک آف انڈیا 1.06 فیصد اور آئی سی آئی سی آئی بینک 1.03 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوئے۔
آئی ٹی سی، ہندستان یونیلور، این ٹی پی سی، ٹی سی ایس اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے حصص بھی سبز نشان میں رہے۔
دوسری طرف، ٹاٹا موٹرز میں سب سے زیادہ 1.20 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ انفوسس 1.07 فیصد، ایکسیس بینک 0.65 فیصد، اور ٹیک مہیندرا 0.62 فیصد نیچے رہے۔
عالمی سطح پر دیگر ایشیائی بازاروں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔
ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 1.84 فیصد، جاپان کا نِکئی 1.76 فیصد، اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 1.22 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
یورپی بازاروں میں ابتدائی تجارت کے دوران جرمنی کا ڈیکس 0.28 فیصد اضافہ جبکہ برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 0.41 فیصد نیچے رہا۔
یو این آئی۔ اے ایم