OthersPosted at: Mar 22 2025 8:09PM حد بندی اپنے پوشیدہ عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بی جے پی کی چال ہے: اسٹالن

چنئی، 22 مارچ (یو این آئی) دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے ہفتہ کو کہا کہ موجودہ آبادی کی بنیاد پر مجوزہ حد بندی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی چال ہے۔
تین وزرائے اعلیٰ، ایک نائب وزیر اعلیٰ اور 20 سے زیادہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی موجودگی میں پہلی جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر اسٹالن نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے ایک ایسی پارٹی رہی ہے جو ریاستوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ "وہ (بی جے پی) حد بندی کے منصوبے میں اپنے مذموم مقاصد کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ کسی بھی ریاست کو اس کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ اس خطرے کو سمجھتے ہوئے تمل ناڈو بے مثال اتحاد کے ساتھ کام کر رہا ہے۔"
انہوں نے کہاکہ "ہم حد بندی کے خلاف نہیں ہیں، ہم منصفانہ حد بندی کے حق میں ہیں۔ یہ جدوجہد ہماری ایک روزہ میٹنگ - بحث - اور قراردادوں کی منظوری سے ختم نہیں ہوگی، حقوق کے قیام کے لیے مسلسل ایکشن بہت ضروری ہے، لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے یہ مشترکہ اقدام بہت ضروری ہے۔" مرکزی حکومت پر زور دینے اور لوگوں کو اس حقیقت سے آگاہ کرنے کے لیے انھوں نے رہنماؤں سے تجاویز طلب کیں کہ ہم سب اپنے سیاسی احتجاج کو قانونی طریقے سے کیسے انجام دے سکتے ہیں۔
مسٹر اسٹالن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے سیاسی اور قانونی اقدامات کی وضاحت کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ"میں ہر ایک سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مجموعی تجویز پر اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ ہم صرف اسی صورت میں جیت سکتے ہیں جب سب مل کر اتحاد کے جذبے سے لڑیں، ہم اس عزم کے ساتھ لڑیں گے کہ کسی بھی صورت میں ہماری نمائندگی کو کم نہیں ہونے دینا چاہیے ۔ ہم منصفانہ حد بندی کے حصول تک مل کر لڑیں گے۔"
یواین آئی۔ ظ ا