OthersPosted at: Jun 11 2026 3:03PM ترویدی ہند-بنگلہ دیش تعلقات میں نئی شروعات کی جانب روانہ

(یو این آئی اسپیشل)
جینت رائے چودھری
کولکاتا، 11 جون (یو این آئی) ہندوستان کے نئے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش ترویدی جمعہ کو کولکاتا سے ڈھاکہ روانہ ہوں گے، مذاکرات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئے سرے سے استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ مذاکرات آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی سمت متعین کریں گے،ڈھاکہ روانگی سے قبل یو این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ترویدی نے مفاہمانہ لہجہ اختیار کیا اور ہندوستان و بنگلہ دیش کو ایسے شراکت دار قرار دیا جو "تقریباً 160 کروڑ عوام کی امنگوں کو پورا کرنے" کے لیے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے بنگلہ دیش کو ہندوستان کا "سب سے خصوصی تعلق" قرار دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی مضبوط بنیادوں کو برقرار رکھا جائے، جو مختلف سیاسی تبدیلیوں اور وقتاً فوقتاً پیدا ہونے والی کشیدگیوں کے باوجود قائم رہی ہیں۔
روانگی سے قبل ترویدی نے نیتا جی بھون جا کر برصغیر کی آزادی کی جدوجہد کے عظیم رہنما سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کیا، جو سرحدوں کے دونوں جانب یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ترویدی نے کہاکہ "اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے برصغیر کے عظیم محب وطن نیتا جی سبھاش چندر بوس کی دعائیں اور آشیرواد حاصل کرنا مناسب سمجھتا ہوں۔"
پچاس برس سے زائد عرصے میں اس عہدے پر تعینات کیے جانے والے دوسرے سیاسی نامزد فرد ترویدی، ڈھاکہ ایسے وقت پہنچ رہے ہیں جب دوطرفہ تعلقات کے دو اہم ستونوں، یعنی آبی وسائل کی تقسیم اور تجارت پر نئے سرے سے مذاکرات شروع ہونے والے ہیں۔
1996 کا گنگا آبی تقسیم معاہدہ تجدید کا متقاضی ہے، تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں اس کی جامع ازسرنو تشکیل مشکل ہو سکتی ہے، اس لیے قلیل مدتی طور پر اس میں توسیع زیادہ ممکن نظر آتی ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے سابق سیکریٹری پناک آر چکرورتی اور دیگر تزویراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کے مسئلے کو وسیع تر دوطرفہ تعلقات سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا۔
ہندوستانی پالیسی سازوں کا ماننا ہے کہ ہمالیائی گلیشیئرز کے پگھلنے میں کمی کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں تبدیلی آئی ہے، جبکہ آبادی میں اضافے اور زرعی ضروریات نے دونوں ممالک میں پانی کی طلب میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے پیش نظر معاہدے کا ازسرنو جائزہ ضروری ہے۔
جاری۔یواین آئی۔ ط ا