RegionalPosted at: Jul 16 2025 11:31AM پریاگ راج اور وارانسی میں گنگا کی سطح آب میں اضافہ ، انتظامیہ الرٹ

لکھنؤ، 16 جولائی (یو این آئی) پورے شمالی ہندوستان میں بارش کے دوران اتر پردیش میں گنگا اور جمنا سمیت زیادہ تر ندیوں کی پانی کی سطح میں اضافے سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہونے لگا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پریاگ راج ، وارانسی ، کانپور ، بہرائچ اور کنوج سمیت کئی علاقوں میں سیلاب سے بچنے کے لئے مناسب انتظامات کیے ہیں۔ سیلاب کی چوکیوں سے ندیوں کے پانی کی سطح کی نگرانی کی جارہی ہے۔
پریاگ راج میں گنگا اور جمنا ندیوں کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، جس کی وجہ سے ناگواسوکی ، چھوٹا بگھاڑا ، سلوری ، داراگنج اور کچاری جیسے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے لگا ہے۔ اگرچہ اس وقت گنگا اور جمنا ندی خطرے کے نشان سے نیچے ہیں ، لیکن خطرہ ٹلا نہیں ہے۔ دونوں ندیوں میں سرخ نشان 84.73 میٹر پر طے ہے اور پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے پیش نظر ، انتظامیہ نے پوری چوکسی برتنی شروع کردی ہے۔
ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو خالی کرایا جارہا ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے اور امدادی کیمپ بھی تیار کیے گئے ہیں۔ فلڈ کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال موڈ میں رکھا گیا ہے ، جہاں سے ہر علاقے کی نگرانی کی جارہی ہے۔
مقامی شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی اور اپنے کنبے کی حفاظت کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔
وارانسی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ، گنگا کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے ، گھاٹ کے ساتھ ساتھ ہزاروں ملاحوں اور چھوٹے دکانداروں کے ذریعہ معاش پر بحران کے بادل چھانے لگے ہیں۔ سینٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ، کاشی میں گنگا کا انتباہی نشان 70.26 میٹر ہے ، جبکہ پانی کی سطح 68.70 میٹر تک پہنچ گئی ہے۔ گنگا انتباہی نشان سے محض 1.56 میٹر نیچے بہہ رہی ہے۔
پانی دشاشومیگھ گھاٹ پر واقع شیتلا مندر میں داخل ہوگیا ہے۔ کاشی کے سبھی گھاٹ زیر آگئے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔