RegionalPosted at: Jun 18 2025 12:09PM آگرہ میں دو سڑک حادثات میں چھ لوگوں کی موت

آگرہ، 18 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں منگل کی رات اور بدھ کی صبح پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات میں چھ لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 33 لوگ زخمی ہوگئے۔
صبح کی سیر کے لیے نکلنے والے لوگوں پر ایک میکس گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ اس سے پہلے لکھنؤ ایکسپریس وے پر کھڑے ٹرک کے پیچھے سے بس کے ٹکرانے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ ٹرانس یمنا تھانہ علاقہ میں بدھ کی صبح ایک میکس (منی ٹرک) الٹ گیا۔ حادثے میں سیر کرنے والے تین لوگوں اور میکس ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ شاہدرہ فلائی اوور پر پیش آیا۔ لکھنؤ منڈی سے آم لے جانے والی میکس گاڑی اچانک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ ہائی وے کے کنارے چہل قدمی کے لیے نکلنے والے تین افراد میکس کے نیچے دب گئے۔ ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں چاروں نے دم توڑ دیا۔
میکس گاڑی کا خلاصی بھی شدید زخمی ہوا ہے جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ اس حادثے میں شاہدرہ کے باشندے راجیش (55)، رامیشور (60)، ہری بابو (63) اور ڈرائیور کرشنا کی موت ہوگئی۔ خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے سی پی ہیمنت کمار پولس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر طویل جام لگ گیا۔ پولس نے کرین کی مدد سے گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔
اس سے پہلے آگرہ -لکھنؤ ایکسپریس وے پر ضلع کے فتح آباد علاقے میں علی الصبح تقریباً 1.10 بجے پیش آنے والے سڑک حادثے میں ایک مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دو افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا اور متعدد لوگ خون میں لت پت سیٹوں پر پھنس گئے۔ یہ حادثہ فتح آباد تھانہ علاقے میں ٹول نمبر 21 کے قریب پیش آیا۔ مسافر بس دہلی سے بہار جا رہی تھی۔ جیسے ہی بس ٹول نمبر 21 کے قریب پہنچی تو کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
اطلاع ملتے ہی یوپی ڈی اے کی ریسکیو ٹیم، پولس اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔ بس کی سیٹوں اور کھڑکیوں کے شیشے کاٹ کر ڈیڑھ درجن سے زائد مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
یو این آئی۔ م ش۔