RegionalPosted at: Mar 13 2025 9:15PM کاربن اخراج کو کم سے کم سطح پر لانا بہت ناگزیر: یوگی

گورکھپور:13مارچ(یواین آئی)وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ کاربن اخراج کو کم سے کم سطح پر لانے اور ماحولیات تحفظ کے لئے ٹیکنالوجی اور بیداری کے تال میل سے ہی اچھے نتائج آئیں گے۔
جمعرات کو ایک ہوٹل میں میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام نیشنل کلین ایئر پروگرام (این سی اے پی) پر قومی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کو شمسی شہروں کے طور پر ترقی دے گی۔
گورکھپور کو سال 2027 تک کھلے میں کچرا جلانے سے پاک شہر بنانے کے لیے روڈ میپ کے موضوع پر میٹرو پولس کے ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قدرت ہر ایک کی ضروریات پوری کر سکتی ہے لیکن کسی کے لالچ کو پورا کرنے کی اس میں صلاحیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فطرت اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں چلائے جانے والے پروگراموں کا مقصد کاربن اخراج کو کم سے کم سطح پر لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران فطرت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے نتائج سب نے دیکھے ہیں۔ کووِڈ کی دوسری لہر میں لوگ پانی سے باہر مچھلی کی طرح تکلیف میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ خود انسانوں کو اپنے پیدا کردہ بگاڑ کا خمیازہ بھگتنا ہی پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2070 تک خالص صفر کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں قومی سطح سے لے کر مقامی سطح تک پروگراموں کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔ عوامی نمائندوں کے ذریعے ان پروگراموں میں عوام کی شرکت بھی ہونی چاہیے کیونکہ عوامی شرکت کے بغیر کوئی بھی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔
کاربن کے اخراج کو کم سے کم کرنے کے لیے ریاستی حکومت کی کوششوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ 2017 سے ریاستی حکومت نے ریاست سے 17 لاکھ ہالوجن اسٹریٹ لائٹس ہٹائی ہیں اور ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس لگائی ہیں۔ اس پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ ہالوجن زیادہ کاربن کے اخراج اور توانائی کی زیادہ کھپت کا سبب بنی۔ ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب سے کاربن کے اخراج میں کمی آئی ہے اور توانائی کی بھی بچت ہوئی ہے۔
ایل ای ڈی لگوانے کے عوض میں متعلق کمپنی کو توانائی بچت کے فرق کا پیسہ دیا گیا۔ اس انتظام سے بلدیات میں ایک ہزار کروڑ روپئے کی بچت ہوئی۔
جاری۔یواین آئی۔ولی