InternationalPosted at: May 23 2025 6:37PM ٹرمپ نے یکم جون سے یورپی یونین پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی سفارش کردی

واشنگٹن، 23 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جون سے یورپی یونین پر 50 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز دے دی۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ معاملات کرنا نہایت مشکل ثابت ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی تجارتی رکاوٹیں، ویٹ ٹیکس، کارپوریٹ جرمانے، غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں، امریکی کمپنیوں کے خلاف غیر منصفانہ اور بلاجواز مقدمے اور دیگر عوامل نے امریکہ کے ساتھ سالانہ 25 کروڑ ڈالر سے زائد کا تجارتی خسارہ پیدا کیا ہے، جو کہ بالکل ناقابل قبول ہے۔
ٹرمپ نے یورپی یونین کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ان کے ساتھ ہماری بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچ رہی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’لہٰذا میں یکم جون 2025 سے یورپی یونین پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی سفارش کر رہا ہوں‘۔
ٹرمپ نے وضاحت کی کہ اگر کوئی چیز امریکہ میں تیار یا بنائی گئی ہوگی تو اس پر کوئی ٹیرف نہیں ہوگا۔
اس سے قبل اپریل میں ٹرمپ نے یورپی یونین پر 20 فیصد جوابی ٹیرف عائد کیا تھا جسے بعد میں منسوخ کردیا گیا تھا۔
یو این آئی۔ ع ا۔