InternationalPosted at: Oct 11 2025 9:02PM ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ مشرق وسطیٰ، کل اسرائیل پہنچیں گے

واشنگٹن، 11 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ مشرق وسطیٰ کے پہلے مرحلے میں کل اسرائیل پہنچیں گےبین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرقِ وسطیٰ میں خود کو امن کا معمار ثابت کرنے کے لیے میدان میں آچکے ہیںرپورٹس کے مطابق امریکی صدر اتوار کو اسرائیل پہنچیں گے جہاں وہ غزہ امن منصوبے کی کامیابی پر جشن منائیں گے اور ممکنہ طور پر اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی پر خوش آمدید کہیں گے۔
اسرائیل کے بعد امریکی صدر مصر کا دورہ بھی کریں گے، جہاں اس تاریخی جنگ بندی معاہدے پر فریقین نے طویل مذاکرات کے بعد اتفاق کیا تھا۔
امریکی صدر مصر میں غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر طے ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کی جانب سے امریکی صدر کے مذاکراتی کردار کو سراہا گیا ہے، جبکہ عرب میزبان ممالک میں ان کے لیے خیرمقدمی تقاریب کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ ٹرمپ اس معاہدے کا کریڈٹ لے رہے ہیں مگر حقیقی امن اس وقت ہی ممکن ہوگا جب وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر دباؤ ڈالیں کہ جنگ بندی کے بعد دوبارہ جنگ کا آغاز نہ کیا جائے۔
یو این آئی۔ ع ا۔