NationalPosted at: Dec 5 2025 8:53PM ٹرینوں کی وقت کی پابندی میں ہندوستانی ریلوے کئی یورپی ممالک سے بہتر: وزیر ریلوے

نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج (جمعہ) راجیہ سبھا میں بتایا کہ ٹرینوں کے اوقات کی پابندی کے معاملے میں ہندوستانی ریلوے کئی یورپی ممالک کے ریلوے نیٹ ورک سے بہتر پوزیشن میں آگئی ہے مسٹڑ ویشنو نے ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وقت کی پابندی کے معاملے میں ہندوستانی ریلوے کی کامیابی کی شرح 80 فیصد ہے، جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا
"ریلوے کے تقریباً 70 ڈویژنوں میں سے 25 ڈویژنوں میں ٹرینوں کی وقت کی پابندی کا فیصد 90 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سڑک کے اوپر بنے پلوں ( روڈ اوور بریج ۔آراو بی) اور زمینی راستوں ( ریل انڈر پاس ۔ آر یو پی ) کی پالیسی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، کیونکہ یہ حفاظت سے متعلق ایک اہم عنصر ہے۔ تقریباً 100 پُلوں کے لیے معیاری ڈیزائن بنائے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی محکمہ اسے جلد از جلد منظور کروا سکے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں اتر پردیش میں ریلوے کی ترقی کے کافی کام ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے اتر پردیش کے لیے بجٹ بڑھایا ہے، جو واقعی ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ
"2014 سے پہلے اتر پردیش کے لیے صرف 1,100 کروڑ روپے کا بجٹ ہوتا تھا، جو آج 18 گنا بڑھ کر 19,800 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔"
انہوں نے بھارت گورو ٹرین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رامائن سرکٹ کے ذریعے سفر کرنے والے جتنے بھی مسافر بہار کے بکسر گئے، انہوں نے وہاں پہنچ کر اس مقام کا ناقابل فراموش تجربہ کیا۔ بکسر اسٹیشن کی نئے سرے سے تعمیر افسانوی نقطہ نظر سے انتہائی اہم تھیم پر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اتر پردیش کے بلیا میں 82 ٹرین سروس چل رہی ہیں اور بلیا اسٹیشن کی مکمل نئے سرے سے تعمیر کی جا رہی ہے، جس میں بلیا کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو اسٹیشن کی بناوٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے ملک بھر میں اسٹیشنوں کی مجموعی اور مرحلہ وار ترقی کے لیے 'امرت بھارت اسٹیشن یوجنا' کے تحت تیزی سے کام کر رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مسافروں کو جدید، محفوظ اور آسان ریل خدمات فراہم کرنا ہے۔ ملک بھر میں اب تک 1,337 ریلوے اسٹیشنوں کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، جن میں سے 157 اسٹیشن اتر پردیش میں واقع ہیں۔
یو این آئی ۔م ا ع