NationalPosted at: Mar 17 2025 7:59PM ہندوستان جلد ہی انڈیا-ویت نام فرینڈشپ گروپ تشکیل دے گا: لوک سبھا اسپیکر

نئی دہلی؛ 17، مارچ (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہندوستان اور ویتنام کے درمیان گہرے تاریخی اور تہذیبی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم ہمیشہ سے دو طرفہ تعلقات کی بنیاد رہے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے پارلیمانی کارروائی میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) کے بڑھتے ہوئے استعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل اختراعات نے ہندوستان کی پارلیمنٹ میں شفافیت، کارکردگی اور رسائی کو بڑھایا ہے۔ انہوں نے اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمانی مباحثوں اور دستاویزات کو متعدد زبانوں میں دستیاب کرانے کے لیے ہندوستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی، جس سے زیادہ عوامی مشغولیت کو یقینی بنایا جائے۔
لوک سبھا اسپیکر نے گورننس، قانون سازی کی دستاویزات اور عوامی رسائی کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال کے بارے میں ویتنامی پارلیمنٹ کے ساتھ اپنے تجربات کا اشتراک کرنے کے لیے ہندوستان کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان جلد ہی انڈیا -ویتنام دوستی گروپ تشکیل دے گا۔
ویتنام کی قومی اسمبلی کے وائس چیئرمین نگوئین ڈک ہائی کی زیرقیادت ہندوستان آئے ایک پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کے دوران مسٹر برلا نے آج ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مسٹر برلا نے 2022 میں اپنے ویتنام کے دورے کو بھی یاد کیا، جس کے دوران انہیں ویتنام کی قومی اسمبلی کے اس وقت کے اسپیکر سے ملاقات کا موقع ملا۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے ہندوستان اور ویتنام کے درمیان بڑھتے ہوئے پارلیمانی تبادلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری ہندوستان-ویتنام جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا ایک اہم عنصر ہے۔ مسٹر برلا نے ویتنام کی اقتصادی نظم و نسق میں ان کی بے پناہ شراکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے ویتنام کے قانون سازی کے عمل کو کافی فائدہ پہنچایا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت، جمہوری روایت کا بھرپور ورثہ رکھتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے متحرک انتخابی عمل کے بارے میں بھی بات کی، جہاں تقریباً 900 ملین رائے دہندگان 543 نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت ہندوستان میں صرف ایک حکمرانی کا نظام نہیں ہے بلکہ اس کی ثقافتی اور روحانی اقدار کا سنگ بنیاد ہے۔ انہوں نے وفد کو جاری بجٹ اجلاس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجٹ سیشن سال کے تین سیشنوں میں سے پہلا سیشن ہے جہاں مرکزی حکومت کے سالانہ بجٹ کا پارلیمنٹ سے منظور ہونے اور پاس ہونے سے پہلے محکمہ سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں کے ذریعہ وسیع پیمانے پر جائزہ لیا جاتا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر نے پارلیمانی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسیز ( پرائڈ ) پر بھی روشنی ڈالی، جو کہ ایک عالمی معیار کا ادارہ ہے جس نے 110 سے زائد ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور افسروں کو تربیت دی ہے۔
مسٹر برلا نے ویتنام کی پارلیمنٹ کے اراکین اور عہدیداروں کے لیے حسب ضرورت صلاحیت سازی اور تربیتی پروگرام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے تعاون کے لیے دعوت دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے میٹنگ کا اختتام کیا کہ مسٹر ہائی کا دورہ ہندوستان ویتنام کی ساجھیداری کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے پارلیمانی تعاون اور باہمی روابط کو بڑھانے کے لیے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسٹر ہائی نے پرتپاک مہمان نوازی اور بصیرت انگیز بات چیت کے لیے معزز اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ ویتنام کے ڈپٹی اسپیکر ہائی نے بتایا کہ ویتنام نے ہندوستان کے کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر ( سی ڈی آر آئی ) کی پہل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی بین الاقوامی شمسی اتحاد میں شامل ہونے کے لیے اندرونی طریقہ کار کو حتمی شکل دے گا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، اقتصادی ترقی اور پارلیمانی امور کے بہترین طریقوں میں ہندوستان کی عالمی قیادت کی ستائش کی اور تجارت، تعلیم اور حکمرانی میں تعاون کو مضبوط بنانے میں ویتنام کی گہری دلچسپی کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویتنام نے ہندوستان کے کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر (سی ڈی آر آئی) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے۔ ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے لیے ہندوستان کی دعویداری کے لیے ویتنام کی مضبوط حمایت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مسٹر برلا کو ویتنام میں پارلیمانی وفد کی قیادت کرنے کی دعوت دی۔
یو این آئی ۔ ع خ