NationalPosted at: Mar 17 2025 2:45PM فروری میں تھوک مہنگائی 0.06 فیصد بڑھ کر 2.38 فیصد ہوگئی

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) کھانے پینے کی اشیاء، دیگر تیار شدہ اشیاء، غیر خوراکی اشیاء اور کپڑوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس سال فروری میں ملک کا تھوک قیمت انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) پر مبنی افراط زر جنوری کے پچھلے مہینے کے 2.31 فیصد کے مقابلے میں 0.06 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 2.38 فیصد تک پہنچ گیا۔
وزارت تجارت اور صنعت کے مطابق فروری 2025 میں سالانہ تھوک قیمت اشاریہ کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح 2.38 فیصد (عارضی) ریکارڈ کی گئی، جو فروری 2024 کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ کھانے پینے کی اشیاء، دیگر تیار شدہ اشیا، نان فوڈ آئٹمز اور کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
ڈبلیو پی آئی تھوک مارکیٹ میں اجناس کی قیمتوں میں تبدیلیوں کی پیمائش کرتا ہے اور بنیادی طور پر مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) ڈیفلیٹر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ اس میں صرف بنیادی قیمتیں شامل ہیں اور اس میں ٹیکس، تجارتی چھوٹ، نقل و حمل اور دیگر چارجز شامل نہیں ہیں۔ ایک ہی وقت میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر صارفین کی طرف سے خریدی گئی اشیاء اور خدمات کی قیمتوں پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ خوردہ مہنگائی، جو کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی تسلی بخش سطح سے نیچے رہی، فروری 2025 میں گھٹ کر 3.61 فیصد رہ گئی، جو کہ سات ماہ میں سب سے کم سطح ہے۔
یواین آئی۔ظ ا