RegionalPosted at: Jun 21 2025 10:56AM یوگا پوری انسانیت کے لئے ایک مشترکہ ورثہ بن گیا: مرمو

دہرادون، 21 جون (یواین آئی) یوگا کے عالمی دن کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں واقع پولیس لائن میں یوگا کی مشق کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کا علاقہ یوگا اور روحانی روایات کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ یوگا کے استعمال سے دنیا بھر کے باشندے صحت مند اور خوش رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا پوری انسانیت کے لئے ایک مشترکہ ورثہ بن چکا ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ یوگا کا مطلب جوڑنا ہے۔ یوگا کی مشق انسان کے جسم، دماغ اور روح کو جوڑنے اور صحت مند بنانے کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح یہ ایک شخص کو دوسرے شخص سے، ایک برادری کو دوسری برادری سے اور ایک ملک کو دوسرے ملک سے جوڑنے کا کام بھی کر رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے گیارہویں یوگا ڈے کی تھیم "ایک کرہ ارض ، ایک صحت" رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پہل پر یوگا سے عالمی برادری کا احترام بڑھا ہے۔ دنیا بھر کے لوگ اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کی مشق سے دنیا بھر کے لوگ صحت مند اور خوش رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 21 جون کو عالمی یوگا ڈے منانے کی تجویز کو قبول کیا اور یہ واضح کیا کہ یوگا پوری آبادی کو صحت مند بنانے کے لئے فائدہ مند ہوگا۔
اس موقع پر اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ، جنگلات کے وزیر سبودھ انیال سمیت مختلف اسکولوں کے بچوں، افسران اور سرپرستوں نے یوگا کی مشق کی۔
یواین آئی۔ م س