NationalPosted at: Apr 20 2024 4:11PM کانگریس کے لیڈر تجندر سنگھ بٹو بی جے پی میں شامل
نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئی) پنجاب کانگریس کے رہنما تجندر سنگھ بٹو کانگریس پارٹی چھوڑنے کے چند گھنٹے بعد ہفتہ کو یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے۔
مسٹر بٹو نے یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مرکزی وزیر اشونی وشنو اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر مسٹر بٹو نے کہا کہ میں نے کانگریس پارٹی میں تقریباً 35 سال گزارے ہیں اور آج مجھے لگتا ہے کہ کانگریس پارٹی اپنے اصولوں سے ہٹ گئی ہے۔ میں کسی کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا۔ میں پنجاب کی بہتری کے لیے بی جے پی میں شامل ہوا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا 'بی جے پی پنجاب اور اس کے لوگوں کی ترقی کے لیے ایک بہتر آپشن ہے۔ میں پنجاب کے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت پر بھروسہ کریں۔
آج بٹو نے ہماچل پردیش کے سکریٹری انچارج ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
یو این آئی ۔ ع خ