NationalPosted at: Apr 20 2024 10:33PM نتیش کمار نے سرکاری مدارس میں اصلاحات اور مدارس کے اساتذہ کی تنخواہ میں باعزت اضافہ کرکے مسلمانوں کے مسیحا ہونے کا ثبوت پیش کردیا: سلیم پرویز
نئی دہلی/ کشن گنج، 20اپریل (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو مسلمانوں کا مسیحا قرار دیتے ہوئے بہار مدرسہ بورڈ کے سا بق چیرمین اور جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے لیڈر سلیم پرویز نے کہاکہ مسٹر نتیش کمار نے سرکاری مدارس میں اصلاحات اور مدارس کے اساتذہ کی تنخواہ میں باعزت اضافہ کرکے مسلمانوں کے مسیحا ہونے کا ثبوت پیش کردیا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے علم میں یہ بات بخوبی جاگزیں ہوگی کہ پہلے مدارس کے اساتذہ کی حالت کیا تھی، بہار کے سرکاری مدارس کس طرح کے حالات سے دوچار تھے، تنخواہوں کی صورت حال کیا تھی اور کتنی کم تنخواہ تھی لیکن وزیر اعلی نتیش کمار نے اس ضمن میں پوری توجہ دی اور مدارس کے اساتذہ کی سہولت میں اضافہ کے ساتھ تنخواہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا، جس کی وجہ سے آج سرکاری مدارس کے اساتذہ باعزت زندگی گزا ر رہے ہیں۔
مسٹر پرویز نے کہاکہ بہار کے وزیر اعلی: نتیش کمارکی رہنمائی میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈکومحکمہ اقلیتی فلاح و بہود حکومت ہند نے رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ اسی کے ساتھ مدرسہ بورڈ میں انفارمیشن ٹکنالوجی سیکشن کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔وسطانیہ،فوقانیہ اور مولوی کا داخلہ آن لائن کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نتیش کمار کی خواہش ہے کہ مسلمانوں کی نمائندگی میں اضافہ ہوا، مسلمان جیت کر اسمبلی اور پارلیمنٹ پہنچیں تاکہ وہ اپنی قوم کی آواز اٹھاسکیں، ان کی فلاح و بہبود کے لئیبات کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وپارلیمانی انتخابات کے دوران نتیش کے امیدواروں کو ووٹ دے کر نتیش کمار کے ہاتھ کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی بہار نے مسلمانوں کی فلاح بہبود کے لئے بہت سارے کام کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بحیثیت مسلمان احسان کا بدلہ احسان سے چکاتے ہیں۔ اس لئے اس الیکشن میں بہار اور خصوصاّ کشن گنج میں جے ڈی یو کے امیدوار کو فتحیاب کرکے پارلیمنٹ میں بھیجیں تاکہ وہ آپ کی آواز کو حکومت تک پہنچاسکیں۔
یو این آئی۔ ع ا۔