InternationalPosted at: Apr 17 2024 11:24AM وسطی عراق میں فضائی حملوں میں داعش کے پانچ دہشت گرد مارے گئے
بغداد، 17 اپریل (یو این آئی) وسطی عراق میں فضائی حملوں میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
عراقی فوج نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ سے وابستہ میڈیا آؤٹ لیٹ سیکیورٹی میڈیا سیل،کے ایک بیان کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر، عراقی جنگی طیاروں نے صوبہ صلاح الدین کے مشرقی حصے میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر دو فضائی حملے کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی انسداد دہشت گردی سروس کی ایک فورس کو موقع پر روانہ کیا گیا اور وہاں سے آئی ایس کے پانچ دہشت گردوں کی لاشیں، ہتھیار، موبائل فون وغیرہ برآمد ہوئے۔
واضح رہے کہ 2017 میں آئی ایس کی شکست کے بعد سے عراق میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، آئی ایس کے کچھ عسکریت پسند شہری مراکز، ریگستانوں اور ناہموار علاقوں میں گھس گئے ہیں اور سیکورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متواتر حملے کر رہے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔