NationalPosted at: Jul 13 2020 9:39PM جون میں خوردہ افراط زر کی شرح 6.09 فیصد
نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) گھریلو بازار میں آمد متاثر ہونے کے سبب رواں برس کے جون میں خوردہ قیمتوں پر مبنی افراط زر کی شرح 6.09 فیصد درج کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پیر کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وبا کے سبب زیادہ تر منڈیاں بند ہیں اور حسب معمول مال بردار گاڑیاں متاثر ہیں۔ اس وجہ سے بازار میں اشیا کی آمد سخت ہے۔ افراط زر سے متعلق محدود اعداد و شمار ٹیلی فون سے یکجا کیے گئے۔ یہ اعداد و شمار مکمل نہیں ہیں اور ملک میں غیرمعمولی صورتحال ہے لہٰذا ان کا تقابل گذشتہ، اسی ماہ کے اعداد و شمار سے نہیں کیا جانا چاہیے۔ حکومت نے مئی 2020 کے حتمی اعداد شمار جاری نہیں کیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جون میں اناج کی قیمتیں 6.49 فیصد بڑھی ہیں۔ رواں ماہ میں گوشت۔مچھلی کی قیمت 16.22 فیصد، انڈا 7.4 فیصد، دال 16.68 فیصد، مسالے 11.74 فیصد اور سبزی 1.86 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پھل کی قیمتوں میں 0.68 فیصد کی تخفیف ہوئی ہے۔
یو این آئی، ایم اے۔