NationalPosted at: Feb 21 2020 8:36PM دہلی کی ترقی سے متعلق سسودیا نے کی سیتا رمن سے ملاقات
نئی دہلی، 21 فروری (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے جمعہ کے روز مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے ملاقات کرکے دارالحکومت کی اقتصادی ترقی کے سلسلے میں بات چیت کی۔
مسٹر سسودیا، جن کے پاس خزانہ کا محکمہ بھی ہے، 16 فروری کو حلف برداری کے بعد پہلی بار جمعہ کے روز محترمہ سیتا رمن سے ملاقات کی۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت والی نئی حکومت کو اسمبلی میں اپنا پہلا بجٹ پیش کرنا ہے۔
مسٹر سسودیا نے محترمہ رمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ بات چیت مثبت رہی اور دونوں کے درمیان دہلی کی اقتصادی ترقی کے سلسلے میں گفت و شنید ہوئی۔
واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی کا مسلسل تیسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد مسٹر کیجریوال نے بدھ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے پہلی بار ملاقات کی تھی۔
مسٹر کیجریوال نے بعد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر شاہ کے ساتھ ملاقات اچھی رہی۔ انہوں نے کہا خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں ’’ہم نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اس بات پر اتفاق کیا کہ دہلی کی ترقی کے لئے مرکز اور ریاستی حکومت کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہم ساتھ مل کر کام کریں گے‘‘۔
وزیر اعلی نے شاهين باغ کے دھرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ مسٹر شاہ کے ساتھ اس مسئلے پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔
یو این آئی۔ این یو۔