NationalPosted at: May 22 2017 4:54PM جیٹلی نے کیجری وال پر 10 کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا ایک اور مقدمہ کیا
نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال کی مشکلیں کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ پارٹی میں احتجاج کی آوازوں کے درمیان مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے مسٹر کیجری وال پر 10 کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا ایک اور مقدمہ کردیا ہے۔ دہلی ڈسٹرکٹ اینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگی کا الزام لگانے پر مسٹر جیٹلی نے پہلے بھی مسٹر کیجری وال پر 10 کروڑ روپئے کا مجرمانہ ہتک عزت کا دعوی کیا تھا۔ مسٹر جیٹلی نے نیا مقدمہ ڈی ڈی سی اے مقدمہ کی گزشتہ سماعت کے دوران مسٹر کیجری وال کے وکیل رام جیٹھ ملانی کے ذریعہ ان کے لئے ’بدمعاش‘ لفظ کا استعمال کئے جانے پر دہلی ہائی مورٹ میں کیا ہے۔گزشتہ ہفتہ جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ میں ہی مقدمہ کی سماعت کے دوران مسٹر کیجری وال کی جانب سے پیروی کر رہے مسٹر جیٹھ ملانی نے مرکزی وزیر کو ’کُرک‘ کہا۔ مسٹر جیٹلی اس سے ناراض ہوگئے اور مسٹر جیٹھ ملانی کے ساتھ تو تو میں میں بھی ہوگئی۔ اس کی وجہ سے سماعت ملتوی کرنی پڑی۔ مسٹر جیٹھ ملانی کا کہنا تھا کہ بدمعاش لفظ کا استعمال مسٹر کیجری وال کے کہنے پر کیا گیا تھا۔ نئے مقدمہ میں مسٹر جیٹلی کے وکیل مانک ڈوگرا نے بتایا کہ ہم نے مسٹر کیجری وال پر 10 کروڑ روپئے کا ہرجانہ مانگتے ہوئے ہتک عزت کا نیا مقدمہ دائر کیا ہے۔ مسٹر ڈوگرا نے کہاکہ مسٹر جیٹھ ملانی نے عدالت میں یہ کہا تھا کہ انہوں نے ’بدمعاش‘ لفظ کا استعمال اپنے موکل کے کہنے پر کیا تھا۔ یو این آئی۔ س ا