NationalPosted at: Sep 21 2020 10:19PM گیہوں کی کم از کم امدادی قیمت میں 50 روپیے فی کوئنٹل کا اضافہ
نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) حکومت نے پیر کو سنہ 2020-21 کے لیے ربیع کی فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کا اعلان کر دیا ہے جس میں 50 روپیے سے لے کر 300 روپیے فی کوئنٹل تک کا اضافہ کیا گیا ہے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی معاشی امور کی کمیٹی کی یہاں ہوئی میٹنگ میں گیہوں کی ایم ایس پی میں 50 روپیے، جو 75 روپیے، چنا 225 روپیے، مسور 300، سرسوں 225 روپیے اور سورج مکھی کی قیمت میں 112 روپیے فی کوئنٹل کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے یہاں بتایا کہ مرکزی حکومت نے 2019-20 میں گیہوں کی ایم ایس پی 1925 روپیے فی کوئنٹل متعین کی تھی جسے اب بڑھا کر 1975 روپیے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔ اسی طرح جَو کی قیمت 1575 روپیے سے بڑھا کر 1600 روپیے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔ چنے کی قیمت 4875 روپیے سے بڑھا کر 5100 روپیے، مسور کی قیمت 4800 سے بڑھا کر 5100، سرسوں کی قیمت 4425 سے بڑھا کر 4650 روپیے اور سورج مکھی کی قیمت 5215 روپیے سے بڑھا کر 5327 روپیے فی کوئنٹل کر دی گئی ہیں۔
حکومت نے اس بار سب سے زیادہ مسور کی ایم ایس پی میں 300 روپیے فی کوئنٹل، چنا اور سرسوں کی ایم ایس پی کی قیمت میں 225-225 روپیے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا ہے۔
مسٹر تومر نے بتایا کہ ربیع کی فصلوں کی بوائی سے کافی پہلے ہی حکومت نے ان کی ایم ایس پی کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ کسانوں کو ان فصلوں کی کھیتی کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے کافی وقت مل سکے۔
یو این آئی،ایم اے۔