OthersPosted at: Aug 18 2018 11:20PM مرکزکیرلہ میں سیلاب کوقومی آفت قرار دے : کانگریس
نئی دہلی،18 اگست(یو این آئی) کانگریس نے مرکزی حکومت سے سیلاب سے متأثر کیرلہ کی ترجیحی بنیاد پر مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تباہ کن سیلاب اور جانی و مالی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے قومی آفت قرار دے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سرجو والا نے سنیچر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے سینئر لیڈران کے ساتھ ایک میٹنگ میں کیرلہ کے صورتحال پر غورخوض کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں مرکز سے کیرلہ میں تباہ کن سیلاب کو قومی آفت کا اعلان کرنے اور ریاست کی ترجیحی بنادوں پر مدد کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا کہ کانگریس نے کہا کہ ریاست میں 3 ہزار کروڑ روپئے کے نقصان کے مقابلے میں مرکز کی امداد بہت کم ہے لہٰذا اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔
میٹنگ میں راہل گاندھی نے کہا کہ راحت رسانی کے کام میں سیاست نہیں ہوسکتی اور بی جے پی و غیر بی جے پی حکومتوں کی بنیاد پر امتیازنہیں ہونا چاہئے،میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ پارٹی کے سبھی ممبرآف پارلیمنٹ اور پورے ملک کے ایم ایل ایز ایک مہینے کی تنخواہ کیرلہ میں سیلاب متأثرین کے لئے وقف کریں گے۔
سرجو والا نے بتایا کہ راہل گاندھی کی ہدایات کے مطابق کانگریس کی ریاستی حکومتوں نے کیرلہ کی مدد کی ہے پنچا ب اورکرناٹک نےدس دس کروڑ اور پانڈو چیری نے ایک کروڑ روپئے کیرلہ سیلاب متأثرین کے لئے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے راہل گاندھی نےاپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ’’ محترم وزیر اعظم ،برائے مہربانی بلا کسی تأخیر کے کیرلہ میں سیلاب کو قومی آفت کا اعلان کریں،ہمارے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں‘‘۔ انہوں نے اپنے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کیرلہ کو خصوصی راحت پیکج دینے کی بھی اپیل کی تھی۔
یو این آئی۔۔۔ولی