NationalPosted at: Feb 4 2023 7:35PM مودی حکومت نے ہماچل میں ریلوے کی ترقی کے لیے بجٹ میں 1838 کروڑ روپے دیے: ٹھاکر

نئی دہلی، 04 فروری (یو این آئی) اطلاعات کی نشریات اور کھیل اور امور نوجوانان کے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے مرکزی بجٹ 2023-24 میں ہماچل پردیش ریلوے پروجیکٹ کی توسیع کے لئے 1838کروڑ روپے کا انتظام کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے کے وزیر اشونی وشنو کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
مسٹر ٹھاکر نے ہفتہ کو کہا، 'مودی حکومت ہماچل پردیش میں بنیادی ڈھانچے کو پھیلانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ہماری حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لیے ہماچل پردیش میں ریلوے کی توسیع کے لیے 1838 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ جس کے لیے میں وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم مودی نے ہماچل کو اپنا دوسرا گھر سمجھا ہے اور ہمیشہ ریاست کا خاص خیال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماچل کے لیے 2023-24 کے بجٹ میں مرکزی حکومت نے اسٹریٹجک اہمیت کے بھانوپلی-بلاس پور-لیہہ ریل پروجیکٹ کے لیے 1000 کروڑ روپے، چندی گڑھ-بدی کے لیے 450 کروڑ روپے اور ننگل- تلواڑہ ریل لائن کے لیے 452 کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے۔ اس کے علاوہ کالکا-شملہ سیکشن پر ہائیڈروجن ٹرین کے لیے بھی 870 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ملک میں نئی اسکیموں کے لیے 75,000 کروڑ روپے کا اضافی فنڈ بھی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی توسیع کے لیے 1838 کروڑ روپے کی یہ منظوری یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے) کے حکمرانی سال 2009-2014 سے 17 گنا زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار اپنے آپ میں ظاہر کرتا ہے کہ مودی حکومت ہماچل پردیش میں جاری ریل توسیعی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مسٹر ٹھاکر نے کہا، ’’میں اس بجٹ کو منظور کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی جی اور ریلوے کے وزیر اشونی وشنو جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘
مرکزی وزیر نے کہا، "بھانوپلی بلاس پور پروجیکٹ بلاس پور بیری سے آگے لیہہ تک جائے گا۔ اسٹریٹجک اہمیت کے نقطہ نظر سے بھانوپلی-بلاس پور ریلوے لائن کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے اس لیے ہم نے اس بجٹ میں صرف اس ریلوے لائن کے لیے 1000 کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے، جو کہ اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا، "مودی حکومت ہماچل پردیش میں نئی ٹرینیں چلانے سے لے کر ریل خدمات کو وسعت دینے تک ضروری بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بہت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، تاکہ ہماچل کو کنیکٹیویٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔ حال ہی میں وزیر اعظم نے ہماچل کو ملک کی چوتھی وندے بھارت ٹرین کی سوغات دی، جس کے لیے وزیر اعظم خود اونا گئے تھے۔ ہندستان کی جدید ترین ٹرین اب ہماچل میں صرف موجودہ حکومت کی وجہ سے چل رہی ہے۔
یواین آئی۔ م ع۔ 1917