NationalPosted at: Apr 16 2018 8:25PM بھگوا دہشت گردی جیسا کچھ نہیں۔ کانگریس
نئی دہلی‘ 16 اپریل (یوا ین آئی) کانگریس نے آج واضح کیا کہ ملک میں ’بھگوا دہشت گردی‘ جیسی کچھ نہیں ہے اور پارٹی دہشت گردی کو کسی مذہب یا ذات کے ساتھ جوڑ کر نہیں دیکھتی۔
کانگریس کے سینئر ترجمان پی ایل پونیا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں معمول کی بریفنگ کے دوران حیدرآباد میں مکہ مسجد بم دھماکہ معاملے میں تمام ملزمین کے بری ہونے سے متعلق سوالات پر یہ تبصر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی قیادت یا پارٹی نے باضابطہ طور پر کبھی بھی ’بھگوا دہشت گردی‘ کی بات نہیں کی ہے اور ملک میں ’بھگوا دہشت گردی‘ جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ذہنیت ہے اور کانگریس پارٹی مانتی ہے کہ کسی مذہب یا ذات سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
مسٹر پونیا نے مکہ مسجد بم دھماکہ معاملے میں عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پورے فیصلے کا مطالعہ کرنے کے بعد اس پر رائے دی جائے گی۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس معاملے سے متعلق فائلوں سے کاغذات غائب ہوگئے ہیں او رثبوت تلف کئے گئے ہیں ۔ یہ سنگین معاملہ ہے۔
حیدرآباد کی ایک خصوصی عدالت نے مکہ مسجد بم دھماکہ معاملے میں تمام ملزمین کو بری کردیا۔ 2007میں نماز کے دوران مکہ مسجد میں دھماکہ میں نو افراد مارے گئے تھے اور 58دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
مقامی پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد یہ معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا تھا ۔ بعد میں 2011میں اس کی جانچ این آئی اے کو سونپی گئی تھی۔
یو این آئی ج ا۔