OthersPosted at: Sep 15 2019 6:18PM اے پی میں دریائے گوداوری میں کشتی الٹ گئی
وجے واڑہ 15ستمبر (یو این آئی) مشرقی گوداوری کی دریائے گوداوری میں کشتی کے الٹ جانے کے واقعہ میں پانچ لاشوں کونکال لیاگیا ہے مقامی ماہی گیروں نے لاشوں کی تلاشی اور تاحال 5لاشوں کو نکالا ان میں دو خواتین شامل ہیں۔ وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مشرقی اورمغربی گوداوری اضلاع کے کلکٹرس وایس پیز سے بات کرتے ہوئے بچاو کارروائیوں کی نگرانی کی۔ وزیر داخلہ ایم سچترا نے میڈیاسے کہاکہ انہیں پتہ چلا ہے کہ اس کشتی میں سوار 61 افراد میں سے27سیاحوں کوبچالیاگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس کشتی میں 50سیاح اور 11ارکان عملہ تھے۔ ذرائع نے خدشہ ظاہرکیاکہ اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے۔اسی دوران آندھراپردیش کے وزیر سیاحت اے سرینواس نے دعوی کیاکہ بندرگا ہ کے حکام کی جانب سے اس کشتی کولائسنس دیاگیاہے۔مشرقی گوداوری ضلع کے کلکٹر مرلیدھر راو‘ ایس پی عدنان نعیم عاصم‘ اڈیشنل ایس پی سریدھر راو فوری طور پر مقام واقعہ پہنچ گئے تاکہ بچاو سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے دونوں اضلاع کے کلکٹرس سے اس واقعہ کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کیں اورجنگی خطوط پر راحت کاموں کی ہدایت دی۔ دونوں اضلاع کے وزراء سے خواہش کی گئی کہ وہ مقام واقعہ پر فوری پہنچیں تاکہ راحت کام انجام دیئے جاسکیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ 1964میں دریائے گوداوری کے اسی علاقہ میں ایسا ہی کشتی کاسانحہ پیش آیا تھا۔ 2009میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔پہلے واقعہ میں 60افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دوسرے واقعہ میں 8افراد غرق ہوگئے تھے۔عہدیدار ہنوز اس بات کی تصدیق نہیں کرپارہے ہیں کہ کتنے لوگ مزیدغرق ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے اس واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یواین آئی۔وخ