NationalPosted at: Jan 21 2020 4:43PM منموہن نے شمشیر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، 21جنوری (یو این آئی) سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کانگریس کے سینئر لیڈر شمشیر سنگھ سرجے والا کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ وہ کسانوں کے مفادات کے لئے وقف ایک مقبول لیڈر تھے ڈاکٹر سنگھ نے مسٹر شمشیر سنگھ کے بیٹے اور کانگریس محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا کو بھیجے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ آپ کے و الد شمشیر سنگھ سرجے والا جی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ شمشمیر سنگھ جی کانگریس کے مقبول لیڈر تھے اور ہمیشہ کسانوں کے مفادات کے لئے لڑتے رہے ہیں۔ وہ بے خوف ہوکر ان کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے تھے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ مسٹر سرجے والا کی مقبولیت کا ہی نتیجہ تھا کہ ہریانہ کے عوام نے انہیں پانچ بار ریاستی اسمبلی کے لئے منتخب کیا۔ وہ راجیہ سبھا کے بھی رکن رہے ہیں۔ ان کے انتقال سے ملک نے غیرمعمولی صلاحیت کے مالک لیڈر کو کھو دیا ہے۔
انہوں نے مسٹر سرجے والا کے رشتہ داروں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھگوان سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ وہ آپ سب کو اس دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ میں درد کے اس لمحہ میں متاثرہ رشتہ داروں اور مسٹر جے والا جی کے مداحوں کے ساتھ ہوں۔
خیال رہے کہ مسٹر شمشیر سنگھ سرجے والا کا طویل بیماری کے بعد پیر کو انتقال ہوگیا تھا اور دوپہر بعد کل ہی ان کی آخری رسومات ادا کردی گئی تھیں۔ وہ ہریانہ کانگریس کے سابق صدر اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر بھی رہے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1450