NationalPosted at: Jan 12 2018 9:51PM ججوں کے سوالات کا حل ضروری: راہل
نئی دہلی، 12 جنوری (یو این آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے سپریم کورٹ کے چار ججوں کی طرف سے پریس کانفرنس کر کےعدالت عظمی کے کام کاج پر سوال اٹھائے جانے کو انوکھا اور سنگین واقعہ قرار دیتے آج کہا کہ جو مسئلے اٹھائے گئے ہیں ان پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے۔
مسٹر راہل گاندھی نے یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر پرمنعقد ہ پریس کانفرنس میں کہا کہ "یہ واقعہ پہلی بار ہواہے کہ چار ججوں نے ایک ساتھ سوال پوچھے ہیں۔ یہ سنگین معاملہ ہے۔ ججوں نے انتہائی ضروری سوال اٹھائے ہیں اور ان سوالات پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے"۔ انہوں نے اس واقعہ کو جمہوریت کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
کانگریس صدر نے مرکزی تفتیشی بیورو کے خصوصی جج بی ایچ لويا کی موت کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس معاملے کی جانچ سپریم کورٹ کے سینئر ججوں سے کرائی جانی چاہئے۔ جج لويا گجرات کے سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس کے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج تھے۔ جج لويا کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی اور اس معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کے چار موجودہ ججوں نے اپنا کام کاج چھوڑ کر آج آنا فانا میں پریس کانفرنس بلائی اور چیف جسٹس کے طریقہ کار پر سوال کھڑے کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ کے طریقہ کار میں انتظامی اصولوں پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور سماعت کے لئے اہم مقدموں کے الاٹمنٹ میں منمانی رویہ اپنایا جا رہا ہے۔
جاری۔ یو این آئی ۔م ش ۔ 2125