RegionalPosted at: Mar 17 2018 11:51PM اسپورٹس کمپلکس میں آگ لگی، 66بچوں کو بچایا گیا
بڈوانی،17مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بڈوانی ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع 100سیٹر اسپورٹس کمپلکس میں آج رات شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے بعد وہاں پھنسے 66بچوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
ضلع ہیڈکوارٹر کی آفیسرس کالونی کے نزدیک قبائلی محکمہ کے ذریعہ چلائے جارہے دو منزلہ اسپورٹس کمپلکس میں پہنچے بڈوانی کے ضلع کلکٹر تیجسوی نائک نے بتایا کہ آج رات تقریباََ آٹھ بجے شارٹ سرکٹ سے اوپری منزل پر اسٹور روم میں رکھے گدوں میں آگ لگ گئی اور اسپورٹس کمپلکس کی الیکٹرک وائرنگ جل گئی اور ان میں سے کچھ تاریں زمین پر بھی گر گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ آگ پھیلنے کی وجہ سے کئی بچے اوپری منزل پر پھنس گئے ۔فوراََ بجلی کی سپلائی بند کرائی گئی اور پیچھے کی سیمنٹ کی جالی توڑکر رسیوں کے سہارے 66بچوں کو وہاں سے باہر نکالا گیا۔
اسی دوران وہاں پہنچے فائربریگیڈ کے عملہ نے آگ پر قابو پالیا۔
مسٹر نائک نے کہاکہ واقعہ کی جانچ کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ تمام بچوں کو میڈیکل چیک اپ کے بعد دیگر ہوسٹلوں میں شفٹ کیا جارہا ہے۔
آگ کے خوف سے کچھ بچے اوپری منزل سے نیچے کود گئے تھے جس سے انہیں ہلکی سی چوٹ بھی آئی ہے۔
اسپورٹس کمپلکس میں کلاس 6سے 12ویں تک کے 70طلبا کو رکھ کر مختلف کھیلوں کی تربیت دی جاتی ہے۔
یو این آئی ۔ م ع۔ 2220