NationalPosted at: Oct 15 2018 4:15PM راہل سدھو کو برخاست کریں، جنوبی ہند کے لوگوں سے معافی مانگیں: بی جے پی
نئی دہلی، 15 اکتوبر(یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو کے پاکستان کو جنوبی ہندوستان سے زیادہ بہتر قرار دینے سے متعلق بیان پر آج سخت ردعمل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس شروع سے ہی جنوبی ہندوستانیوں سے نفرت اور ان کی توہین کرتی رہی ہے اور اس کے لئے کانگریس صدر راہل گاندھی کو جنوبی ہند کے لوگوں سے معافی مانگنی اور مسٹر سدھو کو وزارت سے برخاست کرنا چاہئے۔
بی جے پی کے ترجمان جی وی ایل نرسنگھ راو نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر سدھو نے پاکستان کی تعریف میں جنوبی ہندجنوبی ہند کے لوگوں کی توہین کی ہے ۔ یہ کانگریس کی تقسیم کی سیاست کا ایک نمونہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس شروع سے ہی جنوبی ہندوستانیوں سے نفرت کرتی رہی ہے۔ کانگریس میں واحد غیر گاندھی وزیر اعظم پی وی نرسمنا راو نے پانچ سال تک حکومت کی تھی۔ جن سے محترمہ سونیا گاندھی نفرت کرتی رہیں اور ان کے وفات کے بعد بھی مسٹر راو کے جسد خاکی کو کانگریس ہیڈکوارٹر نہیں لانے دیا او رنہ ہی دارالحکومت میں ان کی آخری رسومات ادا ہونے دی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو نہیں بھولنا چاہئے کہ اس کی قیادت والی یو پی اے حکومت دس سال تک جنوبی ہندوستانیوں کی حمایت سے ہی چلی تھی۔ لیکن اس کے باوجود جنوبی ہندوستانیوں کے لئے کانگریس کی نفرت دور نہیں ہوپائی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کانگریس صدر مسٹر گاندھی کو ملک کے لوگوں اور بالخصوص جنوبی ہندوستانیوں سے معافی مانگنی چاہئے اور مسٹر سدھو کو پنجاب کابینہ سے برخاست کرنا چاہئے۔
مسٹر نرسنگھ راو نے کہا کہ عام انتخابات کے پہلے کانگریس پارٹی اور توڑ پھوڑ کی سیاست پر آمادہ ہے ۔ کانگریس کے رہنما پاکستان اور ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی حمایت میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ گجرات میں حال میں کانگریس کے ممبر اسمبلی الپیش ٹھاکور اور ان کی تنظیم کے لوگوں نے اترپردیش او ربہار کے لوگوں کو جس طرح سے بھاگنے پر مجبور کیا وہ اس کی تقسیم کی سیاست کا نمونہ ہے۔
یو این آئی ج ا