NationalPosted at: Jun 26 2022 8:07PM اگنی پتھ کے خلاف کانگریس ملک بھر میں احتجاج ومظاہرہ کرے گی
نئی دہلی، 26 جون (یو این آئی) کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کو ملک کی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ فوج کا نہیں بلکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے عوام مخالف رویہ کا نتیجہ ہے کانگریس کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ملک بھر کے نوجوانوں کو بتا رہی ہے کہ حکومت ان کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے۔ آج ملک کی 20 ریاستوں کے دارالحکومتوں میں بیک وقت پریس کانفرنس کرکے نوجوانوں کو حکومت کی اس پالیسی کے خلاف بیدار کیا جارہا ہے اور پارٹی کے ترجمان پریس کانفرنس کرکے نوجوانوں کو بیدار کرنے کا کام کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں پیر کو کانگریس کارکنان ملک کے ہر اسمبلی حلقے میں اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج ومظاہرہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم فوج کا فیصلہ نہیں ہے، اگر فوج یہ فیصلہ کرتی تو دو سال سے جاری فوج میں بھرتی کا عمل پہلے ہی روک دیاجاتا اور نوجوانوں کو نئی اسکیم کے تحت فوج میں شامل ہونے کے لئے کہاجاتا۔ فوج نوجوانوں کو دھوکہ نہیں دے سکتی، اس لیے جب حکومت نے دیکھا کہ پورے ملک میں اس اسکیم کی مخالفت ہو رہی ہے تو اس نے ساری ذمہ داری فوج پر ڈال دی۔
انہوں نے کہا کہ سابق سی ڈی ایس جنرل بپن راوت نے بھی کہا تھا کہ فوج میں تجربہ ضروری ہوتاہے، اس لیے ایک فوجی کو 58 سال کی عمر میں ریٹائر کیاجانا چاہیے، لیکن مودی حکومت اپنے ہی مقرر کردہ سی ڈی ایس کے جذبات کے خلاف فیصلہ کررہی ہے اور نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے۔
یواین آئی۔الف الف