NationalPosted at: Nov 8 2019 7:24PM حکومت نوٹ کی منسوخی کے تمام اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی : کانگریس
نئی دہلی، 8 نومبر (یو این آئی) کانگریس کی قیادت میں نوٹ کی منسوخی کے تین سال مکمل ہونے پر جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیا گیا اور لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس قدم کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اس ’تغلقی فرمان‘کے لئے معافی مانگنی چاہئے۔
کانگریس کے صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، پارٹی کے ترجمان اجے ماکن سمیت تمام لیڈروں نے اس کے لئے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ نوٹ کی منسوخی سے ہونے والے جتنے فوائد گنائے گئے تھے، ان میں سے کوئی بھی ہدف حاصل نہیں ہوا ہے۔ اس فیصلے سے ملک اقتصادی کساد بازاری کی زد میں آ گیا ہے اور معیشت ڈانواڈول ہو گئی ہے۔ تمام بین الاقوامی درجہ بندی ایجنسیاں ہندوستان کی معیشت کے سلسلے میں منفی اندازہ لگا رہی ہیں۔
کانگریس کے کارکنوں نے قومی راجدھانی دہلی اور تمام ریاستوں کی دارالحکومتوں میں اس سلسلے میں احتجاج کیا اور نوٹ کی منسوخی پر حکومت کی ناکامی کے خلاف نعرے بازی کی اور جلوس اور ریلیاں منعقد کیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے دفاتر کے سامنے بھی کانگریس کارکنوں نے جم کر مظاہرہ کیا اور کہا کہ نوٹ کی منسوخی سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
جاری۔ یو این آئی۔ ع ا۔