NationalPosted at: Oct 17 2020 6:37PM کویت اپنے مرحوم امیر کے تئيں ہندوستان کے تاثرات سےمسحور
نئی دہلی، 17 اکتوبر (یوا ین آئي) کویت اپنے گیارہویں امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر ہندوستان کی طرف سے ظاہر کی تعزيت اور تاثرات سے بہت مغلوب ہوا ہے اور مرحوم امیر کی صاحبزادی نے ان تاثرات کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے جو جذبات اور خراج تحسین پیش کیا گیا وہ دل کو چھونے والا ہے جس نے ذاتی طور پر تمام کویتی عوام متاثر کیاہے۔
سابق امیر کویت 29 ستمبر کو 91 سال کی عمر میں امریکہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں وفات پاگئے تھے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جیےشنکر نے کویت کے سفارت خانے پر جاکر مرحوم امیر کی تصویر پر گلپوشی کی تھی اور وزیٹر رجسٹرمیں اپنا تعزیتی پیغام لکھا تھا۔ مرکزی حکومت نے پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان کو مرحوم امیر کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے کویت روانہ کیا تھا اور 4 اکتوبر کو ہندوستان میں مرحوم امیر کے اعزاز میں قومی سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیٹر رجسٹر میں اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر خارجہ نے لکھا ہے کہ "مرحوم امیر ایک دور اندیش رہنما اور ہندوستان کے سچے دوست تھے اور ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں ان کی بے پناہ شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا"۔
کویت کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو خصوصی ترجیح دیتے ہوئے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو مرحوم امیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کویت روانہ کیا گیا تھا۔ وہ اپنے ہمراہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تعزیتی مکتوب بھی لے گئے تھے۔ مسٹر دھرمیندر پردھان نے کویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شہزادہ شیخ میشال الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کر کے ان کو اپنے نئے منصب پر مبارکباد دی تھی اور دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات پر روشنی ڈالی تھی۔ اس ملاقات کو ہند- کویت تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کے اقدام کے طور پر دیکھا گیا تھا۔
کویت میں ہندوستان کے اس جذبے کی بے حد تعریف کی گئی۔ کویت کے 11 ویں مرحوم امیر کی صاحبزادی، شیخہ صباح السلیم الصباح نے 07 اکتوبر کو ہندوستانی سفارتخانے کو ایک خط بھیج کر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہندوستان نے مرحوم امیر کو جو اعزاز اور خراج تحسین پیش کیا ہے وہ دلوں کو چھونے والا تھا جس نے مجھ سمیت تمام کویتی عوام کو ذاتی طور پر متاثر کیاہے۔
یو این آئي۔ م ش۔ ع ا۔ 1810