NationalPosted at: Feb 3 2023 12:38PM اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی
نئی دہلی، 3 فروری (یو این آئی) اڈانی گروپ پر ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ پر اپوزیشن پر ہنگامہ آرائی کے سبب جمعہ کو لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
جیسے ہی لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے 11 بجے وقفہ سوالات کے آغاز کا اعلان کیا، کانگریس، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ایوان کے وسط میں ہنگامہ شروع کردیا۔ اس دوران بعض ارکان نے نعرے بازی بھی کی۔
اس دوران مسٹر برلا نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس چلے جائیں اور وقفہ سوالات کو آگے بڑھنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اور خاتون صدر دروپدی مرمو کا یہ پہلا خطاب ہے اور یہ بہت اہم ہے، اراکین کو اس پر بحث کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کا یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔ ممبر جس موضوع یا معاملے پر بات کرنا چاہتا ہے انہیں مناسب وقت دیا جائے گا۔
مسٹر برلا کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ کیا اور نعرے بازی کی۔ ہنگامہ نہ رکتا دیکھ کر لوک سبھا اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں نے اڈانی گروپ پر امریکی تحقیقی کمپنی ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا جس کی وجہ سے ایوان میں پورے دن کوئی کام نہیں ہو سکا تھا۔
یو این آئی۔ این یو۔