NationalPosted at: Nov 15 2019 3:41PM وزیر اعظم نے اجودھیا فیصلے پر جسٹس گوگوئی کو کوئی خط نہیں لکھا: حکومت
نئی دہلی، 15 نومبر (یو این آئی) حکومت نے آج واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اجودھیا میں رام مندر سے متعلق معاملے میں فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس رنجن گوگوئی کو کوئی خط نہیں لکھا۔
ایک سرکاری ترجمان نے آج ٹویٹ کیا ، ’’اجودھیا فیصلے کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چیف جسٹس آف انڈیا کو لکھا گیا ایک نام نہاد خط سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی خط نہیں لکھا گیا ہے۔ یہ خط جعلی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ ‘‘
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں سوشل میڈیا پر وزیر اعظم مودی کا ایک نام نہاد خط وائرل ہو رہا ہے جس میں مسٹر مودی نے اجودھیا فیصلے کے بعد جسٹس رنجن گوگوئی کو مبارکباد دی ہے۔ ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے اس خط کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بھی اس پر تنقید کرتے ہوئے اسے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے مابین دوستی کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔