NationalPosted at: Oct 22 2017 8:36PM بحریہ کے کمانڈروں کی کانفرنس 24اکتوبرسے
نئی دہلی ،22اکتوبر(یواین آئی)راجدھانی میں 24اکتوبرسے بحریہ کے کمانڈروں کی چار روزہ کانفرنس شروع ہورہی ہے جسکا افتتاح وزیر دفاع نرملا سیتارمن کریں گی ۔ کانفرنس میں بحریہ کے کمانڈروں کے علاوہ فوج کی تینوں شاخوں بحریہ ، آرمی اور فضائیہ کے سربراہان اور سینئرسرکاری اہلکار بھی شرکت کریں گے ۔ ہردوسال پر ہونے والی اس کانفرنس میں بحریہ کے سربراہ گزشتہ چھ ماہ میں ہوئے مختلف تجربات ،سرکاری اور محکمہ جاتی سرگرمیوں اور کارروائیوں کا جائزہ لیں گے ۔اس موقع پر نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت کمانڈروں کو قومی مفادکے موضوعات سے باخبر کرائیں گے ۔ کانفرنس میں بحریہ کی وارکرنے کی صلاحیت ،حکمت عملی ،فوجی سازوسامان اور بحریہ کو خودکفیل بنانے کی تدابیر پر بھی غوروخوض ہوگا۔اس کے علاوہ دہشت گردانہ حملوں کے اندیشوں کے مدنظر اس سے نمٹنے کے طور طریقوں پر بھی بات چیت ہوگی ۔ہندستانی بحریہ کے جنگی جہازوں کے آپریشن کے جائزہ کے ساتھ مستقبل کے منصوبوں پر بھی غوروخوض کیا جائیگا۔ یواین آئی۔ایف اے