NationalPosted at: Jul 10 2020 8:11PM سپریم کورٹ کا اسکول فیس معافی سے متعلق درخواستوں پرسماعت کرنے سے انکار
نئی دہلی،10 جولائی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کے حوالہ سے ملک بھرمیں جاری لاک ڈاؤن کے تناظرمیں ملک بھرکے پرائیویٹ اسکولوں کو تین ماہ کی فیس معاف کرنے سے متعلق ہدایت دینےوالی عرضی پرجمعہ کوسماعت سے انکار کردیا۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی شکایتیں متعلقہ ریاستوں کے ہائی کورٹس کے سامنے رکھیں۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے ، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس اے ایس بوپنا پرمشتمل ڈویژن بنچ نے سشیل شرما اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کی فیسوں کے معاملہ کو متعلقہ ریاستوں کی ہائی کورٹس کے سامنے اٹھایا جانا چاہئے۔
یہ درخواست دہلی ، مہاراشٹر ، اتراکھنڈ ، ہریانہ ، گجرات ، پنجاب ، اڈیشہ ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کی گارجین ایسوسی ایشنز کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں اپریل،مئی اور جون کی فیس کی معافی کے احکامات دینے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن پیریڈ کی مدت کے دوران کے فیس ڈھانچہ اور کلیکشن کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک طریق کار وضع کرنے کی ہدایت دینے کی عدالت عظمی سے اپیل کی گئی تھی ۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہر ایک ریاست کے حالات الگ الگ ہوتے ہیں ۔ درخواست گزاروں نے یہ درخواست ملک بھر کے اسکولوں کے لئے دائر کی ہے۔ جسٹس بوبڈے نے کہا ’’یہ ہمارے لئے مسئلہ ہے کہ ملک بھر کے اسکولوں کے بارے میں مجموعی طور پر کون فیصلہ لے گا‘‘۔ ہر ایک ریاست کے الگ الگ مسائل ہیں۔ فریقین اس عدالت کے دائرہ اختیار کو کثیر مقصدی سمجھتے ہیں ، لیکن صورتحال ہر ریاست اور ہر ضلع کے لئے مختلف ہے۔
جاری،یواین آئی،اظ