InternationalPosted at: Sep 18 2020 12:15PM اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس: ٹرمپ ذاتی طور پر شرکت نہیں کریں گے
واشنگٹن،18 ستمبر(یواین آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت نہیں کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے جمعہ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ مسٹر ٹرمپ اس بار ٹیلی ویژن کے ذریعہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 75 ویں کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
خیال رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس منگل سے شروع ہوچکا ہے اوریہ 30 ستمبر تک چلے گا۔ مختلف اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کے لئے 22 سے 29 ستمبر تک جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران اعلی سطحی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس بار 119 ممالک کے سربراہان مملکت اور54 ممالک کے سربراہان حکومت جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاکرخطاب کرنے پرغور کررہے ہیں۔
یواین آئی،اظ